اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق چین، افغانستان اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ امید کی جاتی ہے کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کی سرحد پر کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے اور اس قسم کے مسائل کے حل کے لئے دونوں جانب سے سرحدی سیکیورٹی ورکنگ گروپ اپنا فعّال کردار ادا کریں۔ اس موقع پر سرتاج عزیز نے کہا کہ سرحد پر پیش آنے والے واقعہ کی وجہ سے پاک – ایران تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔ پاک-ایران سرحد پر پیش آنے والے واقعہ سے متعلق سوالات کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ رواں سال مئی میں وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ ایران کے بعد پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ سرتاج عزیز نے سرحد پر فائرنگ کو 'بدقسمتی' قرار دیتے ہوئے واقعہ کا ذمہ دار سرحدی علاقے میں سرگرم 'بڑی تعداد میں شدت پسند گروہوں' اور 'جرائم پیشہ' افراد کو ٹھرایا۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی اور اعلٰی سطح پر سرحدی امور کی مینجمنٹ ہی آگے بڑھنے کا طریقہ ہے۔
.......
/169